Thursday, February 28, 2013

پشاور کے شہری و دیہی علاقوں میں گزشتہ رات سے شروع ہونے والی بارشوں سے نکاس آب کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے اور جگہ جگہ نالے ابلنے سے گلی کوچے تالابوں کا منظر پیش کرنے لگے


آصف شہزاد 


صوبائی دارلحکومت پشاور کے شہری و دیہی علاقوں میں گزشتہ رات سے شروع ہونے والی بارشوں سے نکاس آب کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے اور جگہ جگہ نالے ابلنے سے گلی کوچے تالابوں کا منظر پیش کرنے   لگے ہیں ۔ جس کی وجہ سے شہری و دیہی علاقوں کے عوام کو شدید مشکلات کا سامناہے اس حوالے سے اندرون شہر کے کئی علاقے زیر آب آگئے ہیں اور اندرون شہر کے مکینوں کو آمد و رفت میں شدید  دشواریوں کا سامنا ہے ۔ مسلسل ہونیو الی بارشوں سے جہاں جہاں تعمیراتی کام جاری ہیں وہاں پر سڑکوں پر پانی  کھڑا رہنے سے دفاتر کو جانے والے ملازمین اور سکول کالجز اور یونیورسٹیوں کو جانے والے طلباء و طالبات کو شدید مشکلات درپیش رہیں ۔اسی طرح بارشوں سے پشاور کے شہری و دیہی علاقوں میں جاری تعمیراتی کاموں میں حلل پڑا ہے جس کی وجہ سے بارشوں میں ارد گرد پانی کھڑا رہنے سے ٹریفک کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا ہے بالخصوص دور دراز علاقوں سے آنے اور ان  علاقوں کو جانے والے مسافروں کو بھی  شدید ذہنی کوفت کا سامنا کرنے سمیت  مریضوں کو پشاور  کے بڑے ہسپتالوں کو لے جانے کے دوران بھی مشکلات کا سامنا رہاہے ۔ بارش کے باعث شہر کی سڑکیں ندی نالوں اور جھیل کا منظر پیش کرتی رہیں جبکہ گلی محلوں میں جگہ جگہ پانی کھڑا ہوجانے کی وجہ سے لوگوں کا گزرنا محال ہو گیا ۔شہریوں نے پیدل گزرنے کیلئے بڑے بڑے پتھروں کے ذریعے راستے بنائے ۔بارش کی وجہ سے ہشت نگری،لاہوری،سکندر پورہ،نشتر آباد،سکندر پور،شیخ آباد،حسین آباد،اشرف روڈ،باچاخان چوک اور فقیر آباد سمیت دیگر کئی علاقے پانی سے بھر گئے جہاں سے ٹرانسپورٹ سمیت پیدل گزرنا بھی محال تھا ۔بارش اور مین ہولوں کا پانی لوگوں کے گھروں میں بھی داخل ہوا جس سے کئی افراد اپنی مدد آپ کے تحت پانی نکالنے میں مصروف نظر آئے ۔دوسری جانب بارش کے بعد شہر میں صفائی کی صورتحال بھی انتہائی ابتر ہو گئی اور شہری انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے رہے ۔

No comments: