Sunday, December 16, 2012

قبائلی علاقوں کے اسپورٹس رائٹرز پر مشتمل فاٹا اسپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن کے انتخابات مکمل ہو گئے ہیں۔ خیبر ایجنسی کے ایاز رضاخان آفریدی ایسوسی ایشن کے صدر اور باجوڑ ایجنسی کے حنیف اللہ سیکرٹری جنرل ہوں گے



رپورٹ آصف شہزاد
قبائلی علاقوں کے اسپورٹس رائٹرز پر مشتمل فاٹا اسپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن کے انتخابات مکمل ہو گئے ہیں۔ خیبر ایجنسی کے ایاز رضاخان آفریدی ایسوسی ایشن کے صدر اور باجوڑ ایجنسی کے حنیف اللہ سیکرٹری جنرل ہوں گے۔فاٹا کے اسپورٹس رائٹرز کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے لئے پاکستان اسپورٹس رائٹرز فیڈریشن نے فاٹا اسپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن کے قیام کا فیصلہ اپنی ایگزیکٹوکمیٹی کے گذشتہ اجلاس میں کیا تھا جو لاہور میں فیڈریشن کے صدر شاہد شیخ کی زیر صدارت منعقد ہوا تھا۔فاٹا اسپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن کے انتخابات قیوم اسپورٹس کمپلیکس پشاور میں ہوئے۔ الیکشن کمشنر نادر خواجہ اور اراکین، عظمت اللہ اور عاصم شیراز نے انتخابات کی نگرانی کی۔ پاکستان اسپورٹس رائٹرز فیڈریشن کی جانب سے ایسوسی ایٹ سیکرٹری لاہور سے شہزاد ملک نے آبزرور کی حیثیت سے انتخابات کی نگرانی کی۔ مقررہ تاریخ تک جن امیداوروں نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے ان کے خلاف کوئی اعتراضات آئے اور نہ ہی ان کے مقابلے میں کسی دوسرے امیدوار نے اپنے کاغذات جمع کروائے جس کے بعد الیکشن کمیٹی نے تمام عہدے داروں کو بلامقابلہ منتخب قرار دے دیا۔ریڈیو خیبر کے ایازرضا آفریدی ایسوسی ایشن کے صدر جبکہ خیبر اسٹار کے حنیف اللہ جان سیکرٹری ہون گے۔ دیگر عہدے داروں میں میران شاہ ریڈیو کے عابد اقبال سینئر نائب صدر،بخت ور وزیر نائب صدر، فوزیہ زیب ایسوسی ایٹ سیکرٹری۔سلیم الرحمان ٹریژرر جبکہ اظہار الحق پریس سیکرٹری ہوں گے۔ مجلس عاملہ کے اراکین میں انور خان داوڑ، انجان اورکزئی، تکبیر آفریدی اور محمد خلیل الرحمان شامل ہیںَ ۔انتخابات کے بعد پاکستان اسپورٹس رائٹرز فیڈریشن کے سیکرٹڑی امجد عزیز ملک نے نو منتخب کابینہ سے خطاب میں کہا کہ پاکستان اسپورٹس رائٹرز فیڈریشن ملک بھر میں اسپورٹس جرنلزم کی ترقی و اسپورٹس رائٹرز کی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن اقدامات کرنا چاہتی ہے۔یہی وجہ ہے کہ قبائلی علاقوں کی تاریخ میں پہلی بار فاٹا اسپوڑٹس رائٹرز ایسوسی ایشن کا قیام عمل میں لایا گیا ہے آئندہ سال جنوری میں نہ صرف فاٹا اسپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن کے قیام کی باضابطہ منظوری کے فیصلے کی توثیق کی جائے گی بلکہ فاٹا کے پانچ ڈیلی گیٹ بھی کانگرس میں شرکت کریں گے۔امجد عزیز ملک نے امید ظاہر کی کہ فاٹا اسپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن قبائلی علاقوں میں کھیلوں کی ترقی و فروغ کے لئے بلا تفریق خدمات انجام دے گی اور قبائلی علاقوں کا روشن چہرہ ساری دنیاکے سامنے رکھے گی۔بعدازاں نو منتخب ایسوسی ایشن کا اجلاس ایاز رضا کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں پاکستان اسپورٹس رائٹرز فیڈریشن کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا جس نے فاٹا کے اسپورٹس رائٹرز کو قومی دھارے میں شامل کرنے کی عملی مثال قائم کی۔ اجلاس نے فاٹا کے باصلاحیت کھلاڑیوںکو ایوارڈز دینے سمیت  مختلف پروگرام منعقد کرنے کی منظوری دی۔ اجلاس نے انٹرنیشنل اسپورٹس کانگرس میں بھرپور شرکت کرنے کا فیصلہ بھی کیا۔

No comments: